Type to search

تعلیم اور ملازمت

اُردو کو تحقیق کی زبان بنانے سماجی علوم کے ماہرین کا مشورہ

اردو یونیورسٹی میں 2 روزہ کانگریس کا اختتام۔ پروفیسر زبیر مینائی اور پروفیسر اروند انصاری کی مخاطبت


حیدرآباد، 29نومبر (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں کل شام تیسری قومی اردو سماجی علوم کانگریس کا اس اپیل کے ساتھ کا اختتام عمل میں آیا کہ اردو کو شعر و ادب کے ساتھ علوم کی تحقیق کی زبان بھی بنایا جائے۔ ”21 ویں صدی میں سماجی علوم: اندیشے اور چیلنجس“ کے موضوع پر منعقدہ اس کانگریس کا انعقاد مرکز برائے فروغِ علوم (سی پی کے یو) اور اسکول برائے فنون و سماجی علوم کے زیر اہتمام کیا گیا تھا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی پروفیسر زبیر مینائی، شعبہ ¿ سوشل ورک، جامعہ ملیہ اسلامیہ، دہلی نے کہا کہ لوگوں کے خیالات، خواہشات، ضرورتوں کو آج ٹکنالوجی اساس کے بازار کے ذریعہ کنٹرول کیا جارہا ہے۔ سوشیل میڈیا اور ای کامرس ویب سائٹس کے ذریعہ یہ کام کاروباریوں کے لیے آسان ہوگیا ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ ابھی تک بھی سماجی سائنسداں اس جانب توجہ نہیں دے پائے ہیں۔

وقت آگیا ہے کہ سماجی سائنسداں اس مسئلہ سے انسانی اقدارکو ہو رہے نقصان پر توجہ دیں۔ پروفیسر مینائی نے کہا کہ سماجی ریسرچ کا مقصد سماج کو آئینہ دکھانا ہے۔ لیکن جن پر تحقیق کی جائے انہیں اس بات کا پتہ نہ چلے تو اس ریسرچ کا کوئی فائدہ نہیں۔ اگر اسے کسی بڑے جریدے میں شائع بھی کرلیں تب بھی اگر مسائل کا حل نہ بتایا جائے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ جو ریسرچ شائع نہ ہو وہ ایسا خزانہ ہے جو راہ خدا میں خرچ نہ ہوا ہو۔

پروفیسر ایوب خان، پرو وائس چانسلر نے صدارتی تقریر میں کہا کہ آج ماہرین نے بین مضامین تحقیق کی بات کی ہے۔ اس کی ضرورت یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ فینانشیل ماڈلنگ پر کافی کام کرچکے ہیں۔ اس پر کام کرنے کے لیے ریاضی کے ساتھ ساتھ معاشیات کی جانکاری بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مضامین میں مہارت کے ذریعہ تحقیق کے بہتر نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں جس سے یقینی طور پر سماج کو فائدہ ہوسکتا ہے۔

پروفیسر اروند انصاری، شعبہ ¿ تعلیم نسواں، جامعہ ملیہ اسلامیہ، دہلی نے کہا کہ یقینا اردو ایک میٹھی زبان ہے۔ لیکن اسے تحقیقی زبان بھی بننا چاہیے۔ مانو اسے حقیقت میں تبدیل کر رہی ہے۔ انہوں نے تحقیق کو شائع کرنے پر زور دیا اور کہا کہ مانو نے قومی سطح پر اردو کے لیے بہت کچھ کیا ہے اب اسے بین الاقوامی سطح پر اردو کو پہنچانے کے لیے کاوشیں کرنی چاہئیں۔

پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، رجسٹرار انچارج و کنوینر کانگریس نے کارروائی چلاتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر محمداسلم پرویز، پرو وائس چانسلر پروفیسر ایوب خان نے نہ صرف کانگریس کے انعقاد کی اجازت دی ہے بلکہ مفید مشوروں سے بھی نوازا ہے۔ ڈاکٹر عابد معز، شریک کنوینر اور شعبوں کی سطح پر بنائی گئیں کمیٹیوں، غیر تدریسی عملہ نے مل کر کانگریس کو کامیاب بنایا۔

ڈاکٹر عابد معز، شریک کنوینر کانگریس، کنسلٹنٹ سی پی کے یو نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز جب وائس چانسلر بن کر اردو یونیورسٹی آئے تو انہوں نے اردو کو محض شعر و شاعری کی زبان سے آگے بڑھا کر علوم کی زبان بنانے کے لیے مرکز برائے فروغ علوم کا قیام عمل میں لایا اور انہیں اس کی ذمہ داری سونپی تاکہ مختلف سماجی اور سائنسی علوم کی کانگریسوں کے انعقاد کے ذریعہ سائنسی اور سماجی علوم کے ادب کو فروغ دیا جائے۔

تاحال مرکز کے تحت تین اردو سائنس کانگریس اور تین اردو سماجی علوم کانگریسوں کا انعقاد عمل میں آچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانگریس کے مقالوں کو شائع بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کامرس اور مینجمنٹ کی کانگریس کا بھی منصوبہ ہے۔ جناب اکرام الحق، اسسٹنٹ پروفیسر تاریخ نے کانگریس کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ جملہ 10 اجلاسوں میں 67 مقالے پڑھے گئے۔ ان میں 19 خواتین اور 19 غیر مقامی مقالہ نگاروں نے حصہ لیا۔

Tags:

You Might also Like