Type to search

بین الاقوامی

سعودی عرب میں روزانہ 20 لاکھ ماسک کی تیاری

ریاض،10جون(ایجنسی)سعودی عرب میں کورونا وائرس وبا سے بچنے کے لیے روزانہ 20 لاکھ ماسک تیار کیے جارہے ہیں اور فی الحال ملک میں ڈھائی کروڑ ماسک دستیاب ہیں۔

یہ بات سعودی عرب کی فوڈ اور ڈرگ اتھارٹی کے ترجمان تیسیر المفرجی نے ایک انٹرویو میں بتائی ہے۔ سعودی عرب نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عوامی مقامات پر چہرے پر ماسک لگانا لازم قرار دیا ہے۔اس کے پیش نظر ماسککی مانگ میں زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔

سعودی گزٹ کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ مملکت کی نو فیکٹریوں میں اس وقت فیس ماسک تیار کیے جارہے ہیں تاکہ آبادی کی طلب کو پورا کیا جاسکے۔ سعودی عرب کی اس وقت آبادی قریباً تین کروڑ 37 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔

 

قبل ازیں حکام نے جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سوموار کو ایک کروڑ 40 لاکھ ماسک کی کھیپ پہنچنے کی اطلاع دی تھی۔سعودی فوڈ اور ڈرگ اتھارٹی کے مغربی سیکٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر موسیٰ بن سلیمان الفیفی نے بتایا کہ یہ ماسک دواخانوں اور مارکیٹوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔