Type to search

اسپورٹس

بہار کے چھوٹے سے گاؤں کی رگبی کھلاڑی بنی انٹرنیشنل ینگ پلیئر آف دی ایئر

اسپورٹس ڈسک،7جنوری(اردو پوسٹ انڈیا ڈاٹ کام) بہار کے نوادا ضلع کے باڑ کی رہنے والی سوئیٹی کماری نے رگبی کے ذریعہ دنیا میں اپنی الگ پہچان بنائی ہے۔ سویئٹی کو حال ہی میں خاتون رگبی کی آفیشل ویب سائٹ Scrumqueens نے انٹرنیشنل ینگ پلیئر آف دی ایئر 2019 کا ایوارڈ دیا ہے۔ سویئٹی یہ ایوارڈ پانے والی ملک کی پہلی خاتون رگبی کھلاڑی ہے۔ سکرم کوئینس کے مطابق اس ایوارڈ کے لیے دنیا بھر سے دس لوگوں کو نامزد کیا گیا تھا۔ اسکے بعد پبلک پول کی بنیاد پر سوئیٹی کانام منتخب کیا گیا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق سوئیٹی کے اس سفر کی شروعات ایک اتھیلٹ کے طور پر ہوئی۔ اسکے بعد سوئیٹی نے 100 میٹر کی ایک دوڑ میں حصہ لیا۔ اس دوڑ کو سویئٹی نے 11.58 سکنڈ میں پار کرلیا اور اسی دوران اسکی ملاقات ایک رگبی کوچ سے ہوئی۔ 14 سال کی عمر میں سوئیٹی نے اس کھیل کے بارے میں معلومات حاصل کی پھر ایک ٹیم بنائی اور ریاستی چیمپئین شپ میں داخل ہوئی۔ تین سال کے اندر وہ ریاستی یو 17 ٹیم میں تھی، اور پچھلے سال اسے سینئر نیشنل ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔

سوئیٹی نے بتایا کہ اس کے والد مزدور ہے اور ماں انگنباڑی میں کام کرتی ہے۔ سوئیٹی نے کہا، میرے والد نے مجھے دوسروں سے آگے رکھا اور میری ہر طرح سے مدد کی۔

Tags: