Type to search

اسپورٹس

ٹی20 ورلڈ کپ پر آخری فیصلے کے لیے ایک مہینے کا وقت مانگا، آئی پی ایل ستمبر ۔ اکتوبر میں

آئی پی ایل 2021 کے بقیہ میچ یو اے ای میں ہوں گے، ٹی20 ورلڈ کپ کے انعقاد کو لیکر بی سی سی آئی نے آئی سی سی سے مانگا وقت


نئی دہلی ، 30 مئی (بھاشا۔پی ٹی آئی/ ذرائع) بی سی سی آئی کی جنرل اسمبلی نے ستمبر میں یو اے ای میں آئی پی ایل کی بحالی کو ہفتہ کو منظوری دے دی اور آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ پر آخری فیصلہ لینے کے لیے آئی سی سی سے ایک مہینے کا وقت مانگا ہے تاکہ ہندوستان میں کورونا وبا کی صورتحال کا اندازہ کیا جاسکے۔

ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آن لائن خصوصی جنرل میٹنگ (اے جی ایم) میں معطل انڈین پریمیر لیگ کے باقی میچوں کو ستمبر-اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جب ٹورنامنٹ روک دیا گیا تھا تو ٹورنامنٹ میں 29 میچ ہوئے تھے۔

بتادیں کہ کورونا وائرس کی وجہ سے 4 مئی کو آئی پی ایل کے درمیان میچوں کو ٹال دیا گیا تھا۔

 

جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس آن لائن ہوا ، جو 50 منٹ تک چلا۔ اس میں ممبران نے دونوں ایجنڈوں کو متفقہ طور پر منظوری دے دی۔

میٹنگ میں موجود ریاستی ایسوسی ایشن کے ایک سینئر ممبر نے بتایا، “ایس جی ایم نے آئی پی ایل کے بقیہ میچ ستمبر ۔ اکتوبر میں کرانے کو منظوری دے دی ہے۔ اس کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ “

انہوں نے کہا ، “ستمبر میں ہندوستان میں مانسون کا وقت ہے۔ اسکے علاوہ متحدہ عرب امارات میں تین میدان ہونے سے آسانی ہوجاتی ہے جیسا ہم سال 2020 میں دیکھ چکے ہیں۔ “

آئی پی ایل کا 18 ستمبر سے 10 اکتوبر کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔

عہدیدار نے بتایا کہ تمام ممبران چاہتے ہیں کہ ٹی20 ورلڈ کپ اکتوبر کے آخر میں ہندوستان میں ہو لیکن ابھی اس پر کوئی فیصلہ نہیں لیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا ، “بی سی سی آئی کے نمائندے چیئرمین سورو گنگولی اور سکریٹری جئے شاہ یکم جولائی تک کا وقت مانگیں گے جسکے بعد ایک اور ایس جی ایم بلائی جائے گی تاکہ یہ فیصلہ لیا جاسکے کہ ٹی20 ورلڈ کپ ہندوستان میں منعقد ہوگا یا نہیں ،”

انہوں نے کہا ، “اس وقت ملک میں صحت کی صورتحال ایسی نہیں ہے کہ ہم کوئی حتمی فیصلہ کرسکیں۔”

ایک مختصر بیان میں ، بی سی سی آئی نے کہا کہ تمام اراکین نے آئی پی ایل متحدہ عرب امارات میں بحال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی ، سکریٹری جئے شاہ اور نائب صدر راجیو شکلا یکم جون کو آئی سی سی بورڈ کی میٹنگ میں حصہ لینے دبئی جائیں گے جس میں ہندوستان میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

(خبر بشکریہ پی ٹی آئی ہندی)

Tags:

You Might also Like