Type to search

تعلیم اور ملازمت

 پروفیسر اشتیاق احمد اُردو یونیورسٹی کے نئے رجسٹرار

پروفیسر اشتیاق احمد

حیدرآباد، یکم فروری (پریس نوٹ) ہند- ایرانی ادب کے ماہر اور ممتاز فارسی اسکالر پروفیسر اشتیاق احمدنے آج مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے رجسٹرار کی حیثیت سے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ پروفیسر اشتیاق احمد کا تعلق سنٹر فار پرشین اینڈ سنٹرل ایشین اسٹڈیز، جواہرلال نہرو یونیورسٹی سے ہے۔ وہ ہند-ایرانی ادب، عصری فارسی ادبیات، اڈوانس ٹرانسلیشن اینڈ انٹرپرٹیشن، ثقافتی مطالعات (فارسی دنیا) کے ماہر ہیں۔ انہوں نے آج وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن کی موجودگی میں پروفیسر صدیقی محمد محمود ، رجسٹرار انچارج سے اپنی نئی ذمہ داری کا جائزہ حاصل کیا۔

اس موقع پر پروفسیر ایس ایم رحمت اللہ، پرو وائس چانسلر، پروفیسر حسیب الدین قادری، ڈائرکٹر آئی کیو اے سی؛ پروفیسر عبدالعظیم، پراکٹر؛ پروفیسر سید علیم اشرف جائسی، ڈین بہبودی طلبہ؛ پروفیسر سنیم فاطمہ، ڈین اسکول آف مینجمنٹ اینڈ کامرس؛ پروفیسر رضاءاللہ خان، ڈائرکٹر انچارج نظامت فاصلاتی تعلیم؛ ڈاکٹر پی ایس منور حسین، انچارج فینانس آفیسر؛ ڈاکٹر محمد زائر حسین،کنٹرولر امتحانات بھی موجود تھے۔

پروفیسر اشتیاق احمدکو اپنے کیریئر کے ابتدائی ایام میں مختلف وزارتوں اور وزرا کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بھی حاصل ہے۔ انھوںنے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی وزارت عظمیٰ کے دور میں دفترِ وزیر اعظم میں بھی خدمات انجام دیں۔فارسی زبان سے خاطر خواہ واقفیت کے مد نظر انھیں وزیر اعظم کے اپریل2001 کے دورہ ایران کے وفد میں بھی شامل کیا گیا تھا۔ انھوںنے سابق مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کے ماتحت بھی کام کیا ہے۔

پروفیسر اشتیاق احمد کو زائد از22 سال کا تحقیقی و تدریسی تجربہ حاصل ہے ۔ ان کی نگرانی میں 17 اسکالرس نے پی ایچ ڈی کی تکمیل کی جبکہ مزید 8 کی پی ایچ ڈی جاری ہے۔ 25 اسکالرس نے ان کی رہنمائی میں ایم فل کیا ہے۔ آپ نے کئی تحقیق پروجیکٹ مکمل کیے ہیں جن میں یوجی سی کا میجر ریسرچ پروجیکٹ ”عہد مغلیہ میں تعلیمی نظام :فارسی دستاویزات کے آئینے میں“ خاص طور سے قابل ذکر ہے۔

وہ علامہ طباطبائی یونیورسٹی ، تہران اورانسٹی ٹیوٹ آف ہیومنٹیز اینڈ لینگویجز، سعدی فاﺅنڈیشن میں خصوصی لیکچر پیش کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں اپریل 2019ءمیں تہران میںمنعقدہ 32ویں بین الاقوامی کتاب میلے میں بطور مہمانِ اعزازی مدعو کیا گیا تھا۔ وہ یونیورسٹی جرنل، علامہ طباطبائی یونیورسٹی، تہران اور پرشین ریسرچ جرنل، یونیورسٹی آف مازنداران، ایران کے ایڈیٹوریل بورڈ کے رکن ہیں۔

موصوف وزارت خارجہ کے انٹر نیشنل ٹیکنکل اکانومک کوآپریشن کی جانب سے جے این یو میںمنعقدہ سہ ماہی ٹریننگ پروگرام کے کوآرڈنیٹر رہے ہیں جو خاص طور سے غیر ملکی ڈپلومیٹس اور پروفیشنلس کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔پروفیسر اشتیاق احمد لنگوسٹک امپاورمنٹ سیل ،جے این یو کے چیف کوآرڈنیٹر اور یوینیورسٹی کی کلچرل افیئرس کمیٹی، سیکیوریٹی کمیٹی اور جے این یو الومنائی کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ مختلف تعلیمی اداروں اور کمیشنوں کے بھی رکن وابستہ ہیں۔پروفیسر اشتیاق احمد کو ایران، افغانستان، ترکی، بنگلہ دیش، مصر، جاپان، امریکہ، فرانس، پاکستان وغیرہ مختلف ممالک میں منعقد ہونے والے سمیناروں اور کانفرنسوں میں شرکت کا اعزاز حاصل ہے۔

زبانِ فارسی در ہند ،مولانا ابوالکلام آزاد: معمار فرہنگ ہندوایرانی، ایرانی سیاست میں علما اور روشن فکران کا حصہ اور انیمل فابلس فرام ماڈرن پرشیا (شریک مصنف) آپ کی اہم تصانیف میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ موصوف کے چالیس سے زیادہ تحقیقی مقالے مختلف بین الاقوامی اور قومی رسائل میں شائع ہو چکے ہیں۔ مانو کی اساتذہ برادری اور غیر تدریسی عملے کے اراکین نے رجسٹرار کے عہدے پرپروفیسر اشتیاق احمد کی تقرری پر اپنی مسرت کا اظہار کیا ہے۔

Tags:

You Might also Like