Type to search

ٹی وی اور فلم

مشہور سنگر واجد خان کا انتقال، ایک ہفتہ سے تھے کورونا سے متاثر

فلمی ڈسک،1جون(اردو پوسٹ انڈیا ڈاٹ کام) کوروناوائرس کے قہر کے درمیان بالی ووڈ سے بھی لگاتار بری خبریں سامنے آرہی ہے۔ دراصل بالی ووڈ کے مشہور سنگر واجد خان کا انتقال ہوگیا ہے۔ ساجد اور واجد کی جوڑی فلم انڈسٹری میں کافی مشہور تھی۔ میڈیا میں چل رہی رپورٹس کے مطابق واجد کے انتقال کی وجہ انکے کڈنی کا مسئلہ بتایا جارہا ہے۔ کڈنی کے علاج کے دوران انکا ٹیسٹ کیا گیا تو انکی رپورٹ میں کورونا مثبت آیا تھا۔ وہ ایک ہفتہ سے کورونا مثبت تھے۔

واجد خان کے انتقال سے فلم انڈسٹری میں غم لی لہر دوڑ گئی۔ سنگر کا انتقال صرف 42 سال کی عمر میں ہوا۔ اداکارہ پرینکا چوپڑا نے واجد خان کے انتقال پر ،غم کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ہے ، لکھا ہے ، “بہت بری خبر ہے۔ واجد خان بھائی کے بارے میں ایک بات جو مجھے ہمیشہ یاد رہے گی وہ ہے واجد خان کی ہنسی، ہمیشہ مسکراتے ، بہت جلدی چلے گئے۔

ساجد ۔ واجد نے سب سے پہلے 1998 میں سلمان خان کی فلم پیار کیا تو ڈرنا کیا، کے لیے موسیقی دی تھی۔ سال 1999 میں انہوں نے سونو نگم کے البم دیوانہ، کے لیے موسیقی دی، جس میں دیوانہ تیرا، اب مجھے رات دی، اور اس قدر پیار ہے، جیسے گانے شامل ہیں۔ اسی سال انہوں نے فلم ہیلو برادر کے لیے میوزک ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کیا اور ہٹا ساون کی گھٹا، چپکے سے کوئی اور، اور ہیلو برادر جیسے گانے لکھے تھے۔

 

 واجد کے کیرئیر کا پہلا نغمہ بھی سلمان کے لئے تھا اور آخری نغمہ بھی۔ حال ہی میں ریلیز سلمان خان کے دو نغمات ’بھائی بھائی اور پیار کرونا‘ میں ساجد۔ واجد نے ہی موسیقی دی ہے۔ یہ نغمے یو ٹیوب پر ریلیز کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب ایک گلوکارکے طور پر واجدخان نے اپنے کیرئیر کا آغاز 2008 میں فلم ’پارٹنر‘ سے کیا تھا ۔

انہوں نے ’ہڈ ہڈ دبنگ،جلوہ، چنتا تا تو چتا چتا اور فیویکول سے‘ جیسے کئی سپرہٹ گانے گائے ہیں۔ واجد کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک بہت ہی سیدھے سادے اور ہنس مکھ انسان تھے۔ ساجد ۔ واجدکی جوڑی نے سونونگم کی البم’دیوانہ‘میں بھی موسیقی دی تھی۔ اسکے علاوہ واجد رئیلٹی شو ’سا رے گا ما پا سنگنگ سپراسٹار، سا رے گا ماپا 2012 ‘ میں سرپرست بھی رہے تھے۔ انہوں نے ٹیلیویژن رئیلٹی شو ’بگ باس ۔ 4 اور 6 کے لئے ٹائیٹل ٹریک بھی بنایاتھا۔