Type to search

تعلیم اور ملازمت

بین الاقوامی سائنس فلم فیسٹیول کے لیے مانو کی ڈاکیومنٹری منتخب

میڈیا سنٹر کے لیے ایک اور اعزاز۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز کی مبارکباد


حیدرآباد، 14 اکتوبر (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے انسٹرکشنل میڈیا سنٹر (آئی ایم سی) کو ایک اور اعزاز حاصل ہوا۔ آئی ایم سی کی تیار کردہ ایک دستاویزی فلم (ڈاکیومنٹری) آئندہ ماہ کولکتہ میں منعقد شدنی بین الاقوامی سائنس فلم فیسٹیول آف انڈیا کے لیے منتخب ہوئی ہے۔

یہ مسلسل تیسرا موقع ہے جب مانو، آئی ایم سی کی کسی فلم کو فلم فیسٹولس کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ اس بار ایک اور قدم آگے بڑھتے ہوئے ، ایک دستاویزی فلم (دی پرامِس آف پولیڈیمتھائل سائلوکسین (پی ڈی ایم ایس ) پولیمر کے موضوع پر بننے والی فلم) کو نمائش کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ اس سے قبل آئی ایم سی کی مختصر فلموں کا انتخاب 9 ویں نیشنل سائنس فلم فیسٹیول، چندی گڑھ اور گلوبل سنیما فیسٹ، سلی گوڑی میں کیا گیا تھا۔ فیسٹیول میں جیوری اور ناظرین نے ان فلموں کے موضوع اور زبان کی زبردست پذیرائی کی۔ بین الاقوامی سائنس فلم فیسٹیول آف انڈیا ، سائنس و ٹکنالوجی کو فروغ دینے کے لئے ایک بڑا پروگرام ہے جسے وگیان پرسار، وزارتِ سائنس و ٹکنالوجی، حکومت ہند نے وزارتِ ارضی سائنسس، وزارت اطلاعات و نشریات اور سی ایس آئی آر کے اشتراک سے منعقد کرتی ہے۔ ستیہ جیت رے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ ، کولکتہ میں 6 تا 8 نومبر کو منعقد ہونے والے اس میگا ایونٹ میں فلم کی نمائش ، انٹرایکٹو سیشن، سائنس فلموں پر سمپوزیم اور دیگر بہت سی سرگرمیاں ہوں گی۔


جناب رضوان احمد ، ڈائرکٹر آئی ایم سی نے فلم کے انتخاب پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم سی اور مانو کے لئے یہ ایک انتہائی فخر کا لمحہ ہے کہ ہماری فلم کا انتخاب بین الاقوامی سائنس فلم فیسٹیول کے لئے کیا گیا ہے۔ انہوں نے آئی ایم سی کے کیمرہ پرسن جناب عبیداللہ ریحان کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے اس دستاویزی فلم ”دی پرامس آف پولیڈیمتھائل سائلوکسین (پی ڈی ایم ایس )“ کی ہدایت کاری کی ہے۔

ڈاکٹر محمد اسلم پرویز ، وائس چانسلر نے اس کامیابی پر جناب رضوان اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ میڈیا سنٹر اپنی مسلسل کاوشوں کے ذریعے عصر حاضر میں ، اردو زبان کی اہمیت و افادیت کو ثابت کرنے میں اپنا رول ادا کر رہا ہے۔

Tags:

You Might also Like